Hammari Sochin (ہماری سوچیں!!!!)
*ہماری سوچیں!!!*
روزمرہ زندگی میں سوچ کا آنا یا خود حالات کے مطابق کسی سوچ میں بیٹھے بیٹھے اچانک کھو جانا ایک عام انسان کا معمول ہے۔ بس سوچیں ہمارے حالات کے مطابق ہم پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ حالات اچھے ہیں تو سوچیں بھی اچھی آئیں گی اور ان سوچوں کو سوچ کر بھی خوشی ملے گی۔ اور اگر حالات کچھ خراب ہیں یا انسان کے حالات اچھے نہیں چل رہے تو پھر انسان کے بس کی بات نہیں ہے کہ وہ اچھی سوچیں سوچے، ایسا ہر انسان کرتا ہے سوچنے پر کسی کی پابندی نہیں ہے۔
ڈپریشن کبھی بھی خود سے نہیں آتا۔ آپ کی سوچ کا زاویہ اسے آپ تک رسائی دیتا ہے۔ ہمارے ذہن میں بیک وقت مثبت اور منفی خیالات بسیرا کر رہے ہوتے ہیں کیونکہ یہ ایک فطری عمل ہے۔ اس سطح پر ہم منفی خیالات پر توجہ زیادہ دیں تو منفی اثرات اور اگر مثبت خیالات پر توجہ دیں تو مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔۔۔۔۔۔
یہ سوچ کی ایک جنگ ہے۔ کوئی شک نہیں کہ بیرونی ماحول، لوگ اور لوگوں کا رویہ یا لہجہ اس سب میں ایک کردار ادا کرتا ہے لیکن سب سے اہم کردار ہماری سوچ کا ہے کہ ہم بیرونی ماحول یا لوگوں کے رویوں کا خود پر کتنا اثر لیتے ہیں۔ ایک بات یاد رکھیں کہ آپ کا بہترین دوست اور خیر خواہ آپ ہی کے اندر موجود ہے اسے باہر تلاش کرنے کی غلطی مت کریں۔
بعض اوقات ہمیں اندر سے کوئی بات تنگ کر رہی ہوتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں ارد گرد کا ماحول یا لوگ اچھے نہیں لگتے۔۔۔
بعض اوقات یہ نیچرل ہوتا ہے کہ کچھ لوگ تنہائی پسند اورر کچھ لوگ محفل کے عادی ہوتے ہیں۔۔۔
تنہائی پسند لوگوں کی کیمسٹری ہر کسی سے میچ نہیں کرتی۔ یہ ہر کسی کے ساتھ یا ہر طرح کے ماحول میں خود کو ایڈجسٹ نہیں کر پاتے۔ ان لوگوں کو اپنی ذہنیت والے لوگ اور اپنی پسند کا ماحول درکار ہوتا ہے۔۔۔۔۔
گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔ زندگی میں بہت کچھ ہماری توقعات کے برعکس ہوتا ہے۔۔ ایسے وقت میں خود کو ٹارگٹ دینا سیکھیں۔ یہ مشکل وقت ضرور ہوتا ہے لیکن ایسے وقت میں وسوسوں کا شکار ہونے سے بہتر ہے کہ حل تلاش کیا جائے۔۔۔
اپنی پسند کا لباس پہن لیں۔۔ اپنی پسند کا کھانا بنا لیں۔ کسی ایسے دوست سے گفتگو کر لیں جو آپ کو سمجھ سکتا ہو اور اس کیفیت میں آپ کو مثبت طریقے سے باہر نکال سکتا ہو۔۔۔
ورنہ کسی اچھی کتاب کا مطالعہ کر لیں۔۔ کوئی پسند کی مووی دیکھ لیں۔۔ اپنی ڈائری لکھ لیں۔۔ کسی کھلی فضاء میں بیٹھ کر چائے پی لیں۔۔ درود شریف کا ورد کر لیں۔۔ کچھ وقت کیلئے موبائل فون بند کر کے جسمانی ورزش کر لیں۔۔ نیگیٹیویٹی انسان کے اندر سے آتی ہے اور اسے ختم کرنے کے ٹولز بھی اندر ہی موجود ہوتے ہیں۔۔۔
اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے آپ کو منفی سوچ، منفی لوگ اور منفی مواد سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔ جو آپ سوچتے ہیں، پڑھتے ہیں، بولتے ہیں، سنتے ہیں اور دیکھتے ہیں اس سب کا آپ کی زندگی میں اہم کردار ہے تو ایک بار چیک کر لیجیے کہ آپ کی روٹین کتنے فیصد منفی اور کتنے فیصد مثبت ہے؟ اس کے بعد ہر ایک فیصد منفیت کو ختم کرتے جائیں اور مثبت میں اضافہ کرتے رہیں۔
*تحریر: محمدطاہرفاروق*
Comments
Post a Comment